عمران خان کو زہر دیا جاسکتا ہے،شیخ رشید

اسلام آباد(امت نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نےخدشہ ظاہر کیا ہے کہ عمران خان کو زہر دیا جاسکتا ہے۔اس خدشے کا اظہار انہوں نے پیشی کے موقع پر روسٹرم پر کھڑے ہوکر کیا

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں گرفتاری کے بعد پیشی پر شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان نے بار بار کہا آصف زرداری ان پر حملہ کروانا چاہتے ہیں۔ عمران خان نے جو بھی کہا میں اسے درست سمجھتا ہوں۔

دلائل مکمل ہونے کے بعد خود انہوں نے روسٹرم پر آنے کی اجازت طلب کی تھی۔اجازت ملنے کے بعد شیخ رشید روسٹرم پر آئے۔ اور کہا کہ جب میں وزیر تھا تو ایس ایس پی کے ساتھ ذاتی مسئلہ تھا۔مجھے پولیس کے سامنے پیش ہونے کا کہا گیا، میں نے اپنے وکیل کو بھیجا، پولیس مجھے گرفتار کرنا چاہتی ہے جس کے باعث مجھے بلایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں مجھے اسلام آباد پولیس نے کیسے گرفتار کیا، میرے گھر وارنٹ کے بغیر کمانڈوز کیسے داخل ہوسکتے ہیں؟ 200 اہلکار میرے گھر میں گھس گئے تھے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ جب سے گرفتار کیا مجھ سے کچھ نہیں پوچھا گیا، مجھ پر تشدد بھی نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ میرے گھر پولیس کے آنے کی ویڈیو بھی موجود ہے، میرے موبائلز بھی لے لیے گئے۔ مجھ پر اسلام آباد پولیس نے حملہ کیا، میرے فون میں اہم نمبر ہیں۔ جس پولیس افسر نے مجھے ہتھکڑی لگائی وہی مجھے سلوٹ کرتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ چند لوگ ملک میں انتخابات نہیں کروانا چاہتے۔ مجھے عمران خان نے کہا کہ الیکشن مہم میں سامنے نکلوں۔ میرا تجزیہ ہے کہ انتخابات سے قبل عمران خان کو نااہل یا جیل بھیجنے کا پلان کیا جارہا ہے۔ عمران خان کو زہر بھی دیا جاسکتا ہے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا کہ ان کے پاس ثبوت ہیں کہ آصف زرداری انہیں مارنا چاہتا ہے، میں نے کہا عمران خان کے پاس آصف علی زرداری کے خلاف ثبوت ہیں۔مجھ سے پوچھا جارہا ہے کہ عمران خان نے تم سے کیا انفارمیشن شیئر کی؟

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے بار بار کہا کہ آصف علی زرداری مجھ پر حملہ کروانا چاہتا ہے۔ عمران خان نے جو کہا میں اس کو درست سمجھتا ہوں۔