لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کی جانب سے دعوت کے بعد آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت پر غور شروع کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے اے پی سی میں شرکت کے لیے شیخ رشید احمد اور اعظم سواتی کو بطور پارٹی نمائندہ نامزد کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے مشورہ دیا ہے کہ اے پی سی میں شیخ رشید احمد اور اعظم سواتی کو پارٹی کی نمائندگی کرنی چاہیے۔
فواد چوہدری کی جانب سے دیئے گئے مشورے میں کہا گیا ہے کہ شیخ رشید سابق وزیر داخلہ رہ چکے ہیں، وہ سکیورٹی صورت حال سے بخوبی واقف ہیں، نمائندگی کے لیے اعظم سواتی کا نام بھی دیا گیا ہے، ان سے متعلق کہا گیا ہے کہ وہ سینئر سیاست دان ہیں اور اے پی سی میں پارٹی کی بہترین نمائندگی کر سکتے ہیں۔