اگلے 5سال وہ نہ صرف بھرپور سیاست کریں گے بلکہ وفاق و پنجاب میں اپنی حکومتوں کی سرپرستی کریں گے، فائل فوٹو 
اگلے 5سال وہ نہ صرف بھرپور سیاست کریں گے بلکہ وفاق و پنجاب میں اپنی حکومتوں کی سرپرستی کریں گے، فائل فوٹو 

پاکستان میں جھوٹ بولنے والے کی کوئی پکڑ نہیں،مریم نواز

ملتان: مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان میں جھوٹ بولنے والے کی کوئی پکڑ نہیں۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ ورکرزکنونشن میں کارکنوں کا جذبہ دیدنی تھا،پورے جنوبی پنجاب سے ن لیگ الیکشن جیتے گی،جنوبی پنجاب محاذ کے دعوے آج تک وفا نہ ہو سکے،جنرل الیکشن ہوں یا ضمنی، ہم نے تیاری شروع کردی ہے،ہم اپنی ذمہ داری کو پورا کریں گے۔

مریم نواز نے کہاہے کہ سب جانتے ہیں مشکلات کس کی لائی ہوئی ہیں، یہ جاتے جاتے آئی ایم ایف معاہدے کو پھاڑ کر پھینک گئے ،آج ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں،ہم ریلیف دینا چاہیں بھی تو نہیں دے سکتے،آئی ایم ایف کہتا ہے قیمتیں بڑھائیں تو پیسے دیں گے،آئی ایم ایف کی شرائط ماننا ہماری مجبوری ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہفتے میں 5 دن ہم نیب کورٹ پیش ہوتے رہے ہیں،بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نواز شریف کو گھر بھیج دیا گیا،نواز شریف نے 200 سے زائد پیشیاں بھگتیں،ہم ایک دن میں 2 بار ایک ہی عدالت میں پیش ہوئے، میں ڈیتھ سیل میں رہ کر آئی ہوں،ہمارے ساتھ جو ہوا وہ انتقام تھا۔

ان کاکہناتھا کہ گزشتہ 4 سال میں عوام نے دہر ا معیار دیکھا،وہ وقت دور نہیں جب ہم انصاف کا معیار دیکھیں گے،آزاد صحافت پر بہت یقین رکھتی ہوں،ہمارے ساتھ جو ہوا، وہ انتقام تھا، ابھی تک تو ان کو کسی نے ہاتھ تک نہیں لگایا،2 ،2 دن کی قید کے بعد ہی یہ رونے لگ گئے ہیں،ابھی تو احتساب شروع ہی نہیں ہوا،رانا ثنا اللہ نے جعلی مقدمے میں 6 ماہ قید بھگتی۔

مریم نواز نے کہاکہ ایک شخص حکومتی عہدیداروں کے خاندان کو دھمکیاں دیتا ہے،کیا اسے اس بات کیلیے چھوڑ دیا جائے کہ وہ سیاستدان ہے،نوازشریف کیلیے کوئی اور، عمران خان کیلئے کوئی اورقانون ہے،حکومت نے اگرایک بھی انتقام پر مبنی کیس بنایا ہے تو بتائیں،پاکستان میں جھوٹ بولنے والے کی کوئی پکڑ نہیں ، آپ اس طرح کھڑے ہو کر ایک دوسرے پر گند نہیں اچھال سکتے۔

چیف آرگنائزر ن لیگ نے کہاکہ انتظار ہے کہ وہ جیلیں بھریں اور آغاز زمان پارک سے ہو، آپ تشریف لائیں، آپ کو پتہ چلے جیل کیا ہوتی ہے، ڈیتھ سیل کیا ہوتا ہے،ان کاکہناتھا کہ جنوبی پنجاب میں صرف نوازشریف دور میں ترقیاتی کام ہوئے،چاہتی ہوں جنوبی پنجاب ترقی کرنے میں آگے ہو۔