اسلام آباد(امت نیوز)الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کیلئے نیا حلف نامہ جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پارٹی سربراہ کی طرف سے حلف نامہ جمع کرانا ضروری ہوگا، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے یہ حلف نامہ جمع کرانا پڑے گا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ جنرل نشستوں میں کم از کم پانچ فیصد نشستیں خواتین کو دی جائیں گی، الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 206 اور 215 کے تحت یہ عمل ضروری ہے۔
الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں سےانتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کیلئے درخواستیں بھی طلب کرلی ہیں، سیاسی جماعتوں کو 21 فروی تک درخواستیں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ تمام درخواستیں پارٹی سربراہ کی دستخط شدہ ہونی چاہئیں، سیاسی جماعتیں انتخابی نشانات کے ساتھ ترجیحی نشانات بھی واضح کریں۔
چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت جمعرات کو عام انتخابات کے ضابطہ اخلاق سے متعلق اجلاس ہوا جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور الیکشن کمیشن کے صوبائی ممبران نے شرکت کی۔
سیاسی جماعتوں نے ضابطہ اخلاق پر اپنا موقف بیان کیا اور تجاویز دیں، چیف الیکشن کمشنر نے آئین اور قانون میں رہتے ہوئے سیاسی جماعتوں کی تجاویز کو ضابطہ اخلاق میں شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی