تحریک انصاف کے 35 ارکان کی بحالی کا پروپیگنڈا جھوٹ ثابت

اسلام آباد: تحریک انصاف کے 35 ارکان کے استعفوں سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا فیصلہ برقرارہے۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر آفس نے لاہورہائیکورٹ کا تفصیلی فیصلہ موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کی نشستیں بحال ہونے کا پی ٹی آئی کا پروپیگنڈا جھوٹ ثابت ہوگیا۔

اسپیکر آٖفس کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے 35 استعفوں کی بابت محض الیکشن کمیشن کا نوٹیفیکیشن معطل کرکے سماعت مکمل ہونے تک الیکشن کمیشن کو ان حلقوں میں دوبارہ ضمنی انتخابات کروانے سے منع کیا گیا ہے،عدالتی فیصلے میں استعفے منظور کرنے کے اسپیکر کے فیصلے کو چھیڑا نہیں گیا۔

اسپیکر آفس کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ عدالتی فیصلے کے آخری پیراگراف میں واشگاف الفاظ میں لکھا گیا ہے کہ چونکہ (درخواست دہندگان نے) اسپیکر کے 22-1-2023 کے نوٹی فکیشن کی کاپی درخواست کے ساتھ نہیں لگائی، لہٰذا اسپیکر کے فیصلے کے خلاف کوئی عبوری ریلیف نہیں دیا جا سکتا۔

اسپیکر دفتر کے مطابق تمام معاملات کو آئینی و قانونی لحاظ سے دیکھ کر فیصلہ کیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی کا مؤقف درست ثابت ہوا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے استعفوں کے معاملے پر انتہائی تحمل کے ساتھ نہ صرف غور کیا بلکہ بارہا پی ٹی آئی ارکان کو طلب کیا گیا اور بار بار طلبی کے باوجود پی ٹی آئی ارکان نہ آئے اور استعفے منظور کرنے کا مطالبہ کرتے رہے۔ جب اسپیکر قومی اسمبلی نے استعفوں کی منظوری دے دی تو اس کے بعد اعتراض کردیا جو غیر آئینی تھا۔