لاہور(امت نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جنرل ریٹائرڈ قمر باجوہ نے مان لیا پی ٹی آئی کی حکومت انہوں نے گرائی تھی ۔
امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کے دوران ایک کالم کا حوالہ دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جنرل ریٹائرڈ باجوہ نے صحافی کو بیان دیا ہے کہ انہوں نے کن وجوہات کی بنیاد پر پی ٹی آئی کی حکومت گرائی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ جنرل ریٹائرڈ باجوہ نے بڑے فخر اور تکبر سے بتایا ہے کہ اس نے کن معاشی اور دیگر وجوہات کی بنیاد پر ہماری حکومت ختم کی تھی۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ لوگ پہلے ہی جانتے تھے کہ پی ٹی آئی کی حکومت کس نے گرائی ہے؟ مگر جنرل ریٹائرڈ باجوہ نے مان کر خود ہی وہ پردہ ہٹا دیا اور خود ہی واضح کردیا کہ یہ کام کس کا تھا؟
عمران خان نے یہ گفتگو ایک کالم کے تناظر میں کی ہے جس میں صحافی نے جنرل باجوہ کے متعلق لکھا تھا کہ عمران خان چاہتے تھے ان کی حکومت بچائی جائے۔ مگر جنرل باجوہ نے عمران خان کی حکومت اس لیے نہیں بچائی کیونکہ ان کی ریڈنگ تھی کہ یہ لوگ ملک کیلئے خطرناک ہیں، یہ رہے تو ملک نہیں رہے گا۔