بغاوت کیس: عدالت نے شہباز گل کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کے اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے کیس کے سلسلے میں اسپشل پراسیکیوٹر کی تعیناتی کے خلاف پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی درخواست کی سماعت کی۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل منوراقبال دوگل اور شہباز گل کے وکیل شہریار عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ ابھی ایک وضاحت کے لئے دوبارہ کیس مقرر کیا ہے ۔ عدالت نے استفسار کیا کہ اسلام آباد میں لاء افسران کی تعیناتی کا ابھی بل ہے یا ایکٹ بن گیا ہے؟ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ابھی بل ہے ایکٹ نہیں بنا ۔