مریم اورنگزیب نے عمران خان کو”سپر کرپٹ” قرار دے دیا

لاہور(امت نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کو سپر کرپٹ قرار دےدیا ۔ کہاکہ پہلے عمران خان کہتا تھا باجوہ جیسا سپہ سالار تاریخ میں نہیں آیا، آج کہتا ہے امریکی سازش نہیں تھی، عمران خان نے فارن پالیسی کے خلاف کھیل کھیلا

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے کرسی کے منصب پر بیٹھ کر اسپیکر، صدر پاکستان سے آئین شکنی کروائی اور پاکستان کی سالمیت کے خلاف خطرناک کھیل کھیلا، عمران خان کی حرکات پر نقصان پاکستان کے عوام کا ہوا۔

مریم اورنگیزب نے کہا کہ عمران خان نے حسد اور بغض میں میں مخالفین کو جیلوں میں رکھا، شہزاد اکبر اور عمران خان آج کیوں اسرار سعید کی گواہی پر عدالت نہیں گئے، ہر روز عمران خان کے چہرے سے نقاب اٹھتا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے قوم کو ترقی سے محروم کیا، عمران خان اب عوام کے سامنے ایک لطیفہ بن چکا ہے، سپریم کورٹ کو عمران خان پر نوٹس لینا چاہیے، عمران خان تم آرام سے فرار حاصل نہیں کرسکتے، عمران خان تم چور ہو عدالتوں سے استثنیٰ مانگتے ہو۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے ریاستی طاقت کا استعمال کرکے مخالفین پر مقدمات بنوائے، بلین ٹری سونامی ہو یا توشہ خانہ عمران خان جواب نہیں دیتا، عمران خان تم سپر کرپٹ تھے، آج سارے الزامات عمران خان پر ثابت ہو رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا عمران خان نے فارن فنڈنگ کے تحت پاکستان کی اکانومی کو تباہ کرنے کے پراجیکٹ پر کام کیا، عمران خان نے لوگوں کی بہنوں بیٹیوں اور بچوں کو گرفتار کروایا، فریال تالپور کو تو عید کی رات گھسیٹا گیا، کیا عمران خان کو کسی نے زمان پارک میں گھسیٹا ؟

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آشیانہ کیس میں آج عدالت میں وعدہ معاف گواہ اسرار سعید کا بیان جمع کرایا گیا ہے، آج اسرار سعید نے بیان حلفی پر تسلیم کیا کہ دھونس دھمکی پر گواہی دلوائی گئی۔ اج نیب کے وعدہ معاف گواہ نے بھی آشیانہ ہاوسنگ اسکیم کو کرپشن فری کہہ دیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج عمران خان، شہزاد اکبر کے خلاف مقدمہ دائر ہونا چاہیے، 241 دن تک شہباز شریف جھوٹے مقدمے میں جیل میں رہے، جب کسی کیس میں کوئی ثبوت نہیں ملا تو امدن سے زائد اثاے جات کا کیس ڈالے گئے، مسلم لیگ (ن) کے رہنما عدالتوں میں پیش ہوئے، کسی نے ٹانگ پر پلستر باندھ کر پناہ نہیں لی۔