شہبازشریف کے خلاف آشیانہ کیس کے 2گواہ بیان سے منحرف

لاہور(امت نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف آشیانہ اقبال ریفرنس میں نیب کے دو وعدہ معاف گواہ اپنے بیان سے منحرف ہوگئے ۔دوران جرح دعویٰ کیا کہ انہیں دباؤ اورجبر سے شہباز شریف کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے پر مجبور کیا گیا۔

احتساب عدالت کے جج ساجد اعوان نے گزشتہ سماعت کا 19 صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا جس کے مطابق گواہ اسرار سعید اور عارف مجید بٹ نے اپنے بیان سے انحراف کیا ہے۔

گواہ ایل ڈی اے کے چیف انجینئر اسرار سعید نے شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز کی جرح کے دوران اعتراف کیا کہ دباؤ اور جبر سے شہباز شریف کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے پر مجبور کیا گیا، ڈی جی نیب شہزاد سلیم، ڈائریکٹر نیب محمد رفیع اور کیس آفیسر آفتاب احمد نے دباؤ ڈال کر جھوٹی شہادت لی۔

گواہ نے کہا کہ گرفتاری کے دوران نیب میں واش روم میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے تھے، دوسرے ریمانڈ پر چئیرمین نیب جاوید اقبال اور ڈی جی شہزاد سلیم میرے سیل میں آئے، دونوں نے کہا کہ ان پر بہت دباؤ ہے دستخط کردوں ورنہ میری مشکلات بڑھ جائیں گی۔

اسرار سعید کا کہنا تھا کہ عدالت میں پہلا بیان بھی دباؤ اور جبر کی وجہ سے دیا، ڈی جی نیب شہزاد سلیم نے شہباز شریف پر ہراساں کرنے کا الزام لگانے کا کہا، ڈی جی نیب اس بیان کو شہباز شریف کی ضمانت منسوخ کرانے کے لیے استعمال کرنا چاہتا تھا، مجھ پر بند انکوائریاں کھول کر نئے کیس بنانے کی دھمکیاں دی جاتیں۔

اسرار احمد کا مزید کہنا تھا کہ مجھے نیب ڈائریکٹر محمد رفیع نے وارنٹ گرفتاری دکھا کر پہلے سے تیار بیان پر دستخط کی پیشکش  کی اور انکار  پر نیب نے گرفتار کرلیا اور دس دن کا جسمانی ریمانڈ لے لیا، مجھے واش روم جانے کے لیے آدھا گھنٹہ سے ایک گھنٹہ انتظار کرایا جاتا، واش روم میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے تھے۔

اسرار احمد نے امجد پرویز ایڈووکیٹ کے سوال پر جج کے روبرو جواب دیتے ہوئے کہا کہ سونے کے لیے چٹائی دی گئی، تمام رات بتیاں آن رکھی جاتیں، مجھے 90 دن کے ریمانڈ اور آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس کھولنے کا کہہ کر ڈرایا گیا، مجھ پر دباؤ ڈال کر اس بیان پر دستخط کروائے گئے جو سچ نہیں تھا، مجھ سے سادہ کاغذات پر دستخط بھی لیے گئے، وعدہ معاف گواہ بننے کے بعد نیب نے میری لاہورہائیکورٹ سے ضمانت منظوری کی مخالفت نہ کی۔

گواہ نے کہا کہ شہباز شریف پر ہراساں کرنے کا الزام نہ لگانے پر نیب نے مجھے ڈرین پراجیکٹ کے الزامات پر دوبارہ گرفتار کرلیا، چار ماہ بعد ضمانت ہو گئی اور اس کیس کا کوئی ریفرنس فائل نہیں ہوا۔

اسرار سعید کا دوران جرح مزید کہنا تھا کہ آشیانہ ہاؤسنگ پراجیکٹ ایک شفاف منصوبہ تھا جسمیں کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی گئی، شہباز شریف سمیت تمام ملزمان نے کسی جرم کا ارتکاب نہیں کیا، عوام سے کوئی فراڈ یا دھوکا دہی نہیں کی گئی، تحریک انصاف کے دور میں احد چیمہ کے خلاف انکوائری کے دوران کسی خلاف وزری کا کوئی بیان نہیں دیا۔

نیب کے دوسرے وعدہ معاف گواہ عارف مجید بٹ نے بھی اپنے بیان سے انحراف کیا عدالت نے مزید گواہوں کو طلب کرتے ہوئے کارروائی 18 فروری تک ملتوی کردی۔