پاکستان نے ویلنٹائن ڈے پر بارڈر کراس کرنے والا بھارتی عاشق رہا کردیا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان نے ویلنٹائن ڈے پر دو بھارتی نوجوانوں کو رہا کیا ہے جن میں ایک عاشق نوجوان جمبرا رام بھی شامل ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق جمبرا رام گزشتہ سال راجستھان میں رات کے وقت اپنی محبوبہ سے ملنے گیا مگر لڑکی کے گھر والے جاگ گئے اور جمبرا اپنی جان بچانے کے لیے بھاگتا ہوا پاک انڈیا بارڈر کراس کرکے پاکستانی حدود میں پہنچ گیا تھا۔جمبرا رام کو 6 ماہ بعد جہاں واپس اپنے گھر جانے کی خوشی تھی وہیں وہ اپنی محبوبہ کو یاد کرکے اداس بھی دکھائی دے رہا تھا۔ رینجرز پنجاب نے منگل کے روز دو بھارتی نوجوانوں کو واہگہ / اٹاری بارڈر پر بی ایس ایف انڈیا کے حوالے کیا گیا، ان میں سے ایک راجو نامی نوجوان کا تعلق مدھیہ پردیش سے تھا جبکہ دوسرا نوجوان جمبرا رام راجستھان کا رہائشی ہے۔