متحدہ میں اختلافات ، وسیم اختر بھی ناراض

کراچی (امت نیوز)ایم کیو ایم پاکستان کے ملک میں موجود تمام گروپوں کے آپس میں انضمام کے بعد ایک بار پھر اختلافات جنم لینا شروع ہو گئے۔ کچھ سنیئر رہنماؤں نے مصطفیٰ کمال گروپ کی واپسی اور انہیں اعلیٰ عہدے دینے پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سابق مئیر کراچی وسیم اختر، سنیئر رہنما خواجہ اظہار الحسن سمیت چند دیگر رابطہ کمیٹی ارکان پارٹی کے کئی فیصلوں پر ناخوش دکھائی دے رہے ہیں، ان رہنماؤں نے پارٹی چھوڑنے پر بھی غور شروع کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے بعض لیڈر پی پی پی کی صوبائی قیادت کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں، اور ان کی سندھ کے ایک صوبائی وزیر کے گھر پر دو سے تین ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم اختر خود کو سینئر ڈپٹی کنوینر نہ بنانے پر ناراض ہوئے، جب کہ انہیں مصطفیٰ کمال کو پارٹی کا سینئر ڈپٹی کنوینر کا عہدہ دینے پر اختلاف تھا۔وسیم اختر کئی روز سے دفتر بھی نہیں آرہے، انہیں منانے کے لئے ایم کیو ایم کی اعلیٰ قیادت کوشش کر رہی ہے۔