لاہور :سابق وزیر اعظم عمران خان نے جنرل ریٹائرڈ قمرجاوید باجوہ کے خلاف فوری تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ۔
عمران خان نے صدرِ مملکت اور افواجِ پاکستان کے سپریم کمانڈر ڈاکٹرعارف علوی کو خط لکھا ہے، جس میں جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کی جانب سے حلف کی خلاف ورزیوں کی تفصیلات بھی صدرِ مملکت کو ارسال کی گئی ہیں۔
چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے صدرمملکت عارف علوی کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران عوامی سطح پر نہایت ہوشربا انکشافات ہوئے ہیں۔ منظر عام پر آنے والی معلومات سے واضح ہوتا ہے کہ جنرل (ر) باجوہ اپنے حلف کی صریح خلاف ورزی کے مرتکب ہو ئے ہیں۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ایک انٹرویو میں جنرل (ر) باجوہ نے کہا کہ ہم عمران خان کو ملک کے لیے خطرہ سمجھتے تھے۔ہمارے خیال میں اگر عمران خان اقتدار میں رہے تو ملک کو نقصان ہوگا۔ جنرل باجوہ کی جانب سے ”ہم ”کے لفظ کا استعمال تحقیق طلب ہے۔
پی ٹی آئی چئیرمین نے جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کے خلاف فوری تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جنرل (ر) باجوہ کو یہ اختیار کس نے دیا کہ وہ منتخب وزیراعظم کے اقتدار میں رہنے کے باعث ملک کے لئے خطرناک ہونے کے حوالے سے فیصلہ کریں۔ یہ فیصلہ صرف اور صرف عوام کا ہے کہ وہ کسے وزیراعظم منتخب کرنا چاہتے ہیں۔
خط میں بطور سپریم کمانڈر صدرمملکت سے سابق آرمی چیف کے خلاف فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے ٹوئٹ میں لکھا کہ عمران خان نے سابق آرمی چیف جنرل باجوہ کے اعترافات کے بعد صدر مملکت سے درخواست کی ہے کہ ان اعترافات پر کارروائی کا آغازکیا جائے کیونکہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں۔
عمران خان نے سابق آرمی چیف جنرل باجوہ کے اعترافات کے بعد صدر مملکت سے درخواست کی ہے کہ ان اعترافات پر کاروائی کا آغاز کیا جائے کیونکہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں pic.twitter.com/vIVqHONPsC
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) February 16, 2023