فائل فوٹو

عمران خان سے چوہدری پرویز الہیٰ کی ملاقات

لاہور(امت نیوز)زمان پارک میں عمران خان سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے ملاقات کی ہے۔ملاقات میں سیاسی صورتحال، جیل بھرو تحریک اورعام انتخابات کے امورپرتبادلہ خیال کیا گیا

اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھاکہ حکمران آئین کو مان رہے ہیں نہ عدالتی فیصلے تسلیم کررہےہیں، پی ٹی آئی کی قیادت اورکارکنوں کےخلاف جھوٹے مقدمات درج کیے جارہے ہیں، نااہل حکمران ٹولہ الیکشن سے خوفزدہ ہوکر انتقامی کارروائیوں پر اتر آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیل بھروتحریک کے تحت ملک بھر سے پارٹی رہنما، کارکن اور عوام رضاکارانہ گرفتاریاں دیں گے، قوم خوف کےبت توڑکرمیدان میں آرہی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھاکہ نااہل ٹولے نے پہلے ملکی معیشت کو تباہ کیا، اب آئین کی پامالی کی جارہی ہے، حکمران مزید جتنے دن اقتدار میں رہیں گے ملک کو اتنا ہی زیادہ نقصان ہو گا، ملک کو درپیش معاشی بحران سے نکالنے کیلئے الیکشن ناگزیر ہیں۔

پرویز الٰہی کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ ن اپنی روایت کے مطابق عدلیہ پر حملہ آور ہے، لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر بھی عمل نہیں کیاجارہا، حکمران اتحاد عمران خان سے خوفزدہ ہے، الیکشن کمیشن اور گورنرز یاد رکھیں آئین شکنی پر آئین ہی ان کے خلاف راستہ لے گا۔