وزیراعظم کا ترکیہ کیلئے1لاکھ 71ہزارخیمے بھیجنے کااعلان

اسلام آباد(امت نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے زلزلہ زدگان کیلئے 1 لاکھ 71 ہزار خیمے بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ترکیہ بھیجے جانے والے خیموں کا بین الاقوامی معیار یقینی بنایا جائے
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معاشی مشکلات کے باوجود ترکیہ کے بہن بھائیوں کی بھرپور مدد کریں گے ۔ترکیہ اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات دہائیوں پر مبنی ہیں
وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ میں خیموں کی فوری ضرورت پوری کرنے کیلئے فضائی راستے سے خیمے بھیجے جائیں، پاکستان سے بھیجے جانے والے خیموں کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کی جائے۔ وزیراعظم نے خیموں کے معیار کے تعین کیلئے وزیر منصوبہ بندی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں خیمہ سازی کے صنعتکار اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، ترکیہ کے بہن بھائیوں کی مدد کی خاطر خیمہ سازی کے صنعتکار حکومت کو کم نرخوں پر خیمے فراہم کریں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے پاکستان خوراک، گرم کپڑے اور خشک دودھ بھیج رہا ہے، پاکستان کی ریسکیو ٹیمیں ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کی بھرپور مدد کر رہی ہیں