صدر نے انتخابات کی تاریخ نہیں سلیکشن نامہ جاری کیا،پی ڈی ایم ترجمان

اسلام آباد( اُمت نیوز) پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللہ کا کہنا ہے کہ صدر پاکستان عارف علوی نے انتخابات کی تاریخ کا حکم نامہ نہیں ’’سلیکشن نامہ‘‘ جاری کیا ہے۔جسے ہم مسترد کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پی ڈی ایم نے اپنے بیان میں کہاکہ آئین شکن عمران خان اور عارف علوی کیخلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی ہونی چاہیے۔
آئین شکنی کرنے والوں کاپارلیمنٹ ہاتھ روکے،انتخابات الیکشن کمیشن نے کرانے ہیں۔ یہ ملک میں ’’ون پارٹی رول‘‘ اور پاکستان کو پھر ’’ون یونٹ‘‘ بنانے کی سازش ہے ،
ہم علوی کی طرح غلام نہیں کہ عمران خان جو کہے، ہم وہ کرنے پر مجبور ہوں۔

حافظ حمد اللہ نے مزید کہنا کہ عمران خان کے ساتھ ”حسن سلوک“ سے پتہ چلتا ہے کہ نیپیاں اب بھی تبدیل کی جارہی ہیں،عمران خان کی عدالتوں میں شاہانہ پیشیاں نظام عدل کا منہ چڑا رہی ہیں
ایک شخص کے سامنے آئین، قانون اور عدلیہ سب بے بس تھے اور ہیں،سیاستدانوں پر طبرے بھیجنے والے عمران خان کی منتیں ترلے کر رہے ہیں، سبحان اللہ کیا مساوی انصاف ہے؟

ذوالفقار علی بھٹو، نوازشریف، یوسف رضا گیلانی اور عمران خان کے ساتھ عدالتی رویے ملک میں رائج ’’دو پاکستان‘‘ دو نظام‘‘ کا ثبوت ہے ،اپوزیشن پر رحم نہ کھانے والوں کے سینے میں عمران خان کے لئے رحم دلی کا دریا موجیں مار رہا ہے،جیلوں میں بند لوگوں کو اچھا پیغام دیا گیا کہ پاکستان میں انصاف کیسے ملتا ہے۔