اسلام آباد(امت نیوز) لاہور، پشاور اور بلوچستان کے بعد سندھ ہائیکورٹ نے کراچی کے 9 حلقوں میں ضمنی الیکشن پر 25 مارچ تک حکم امتناع جاری کردیا۔
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو پی ٹی آئی کے 9 رکن قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کیخلاف اور ضمنی انتخابات رکوانے سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے موقف دیا کہ لاہور، پشاور، اسلام آباد اور بلوچستان سے بھی ایسی ہی درخواستوں پر حکم امتناع مل چکا۔
عدالت نے 16 مارچ کو 9 حلقوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن کے نوٹیفیکیشن پر عمل درآمد روکتے ہوئے 25 مارچ تک حکم امتناعی جاری کردیا۔درخواست تحریک انصاف کے 9 ارکان قومی اسمبلی کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔
سماعت کے بعد پی ٹی آئی سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ 11 اپریل کو استعفے دیئے۔ 17 جنوری کو اسپیکر سے استعفے منظور کئے۔ اسپیکر نے اپنی حلف برداری سے قبل کے استعفے منظور کئے۔ اپوزیشن لیڈر کی باری آئی تو استعفے منظور کرلئے۔ پارٹی نے حکومت پر زور دینے کے لئے استعفی دیئے۔