اسلام آباد(امت نیوز)وزیردفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات افسوسناک ہیں ۔ افغان حکومت دوحہ معاہدے کی پابند ہے ۔ اس سلسلہ میں کچھ عرصے قبل افغانستان گئے تھے، ہمیں وہاں سے اچھا رسپانس ملا ہے
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیردفاع نے کہا کہ افغان حکومت دوحہ معاہدے کی پابند ہے، طے ہوا تھا افغانستان کی سرزمین دہشت گردی کے لئے استعمال نہیں ہوگی، جیسے پہلے دہشت گردی کا خاتمہ کیا تھا اب بھی کریں گے۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہناتھاکہ عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ کے بغیر آج تک ایک قدم نہیں اٹھایا۔عمران خان نے ڈرامہ شروع کیا ہے، 75 سالوں میں کسی نے عدالتوں میں پیش ہونے سے انکار نہیں کیا، یہ شخص اپنے حواریوں کو بھڑکاتا ہے، عمران خان کی گرفتاری کی جلدی نہیں۔اس شخص نے جنرل مشرف سے جنرل باجوہ تک کی پشت پناہی کے بنا سیاست نہیں کی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے بغیر آج تک عمران خان نے ایک قدم بھی نہیں اٹھایا، جب تک اس شخص کو اسٹیبلشمنٹ کا وینٹی لیٹر نہ لگا ہو اسکی سیاست ہی نہیں ہے، ان کا مسئلہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری سے شروع ہوا تھا، یہ چاہتے تھے اپنے مہرے لگالوں تاکہ اسکا فائدہ الیکشن میں ملے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اسکی ٹانگ پر ایک بھی فریکچر نہیں ہے، میرے وکیل نے بتایا کہ پولیس کا چھاپا پڑا تو عمران خان کمرے میں بھاگ رہا تھا اور پلستر تلاش کررہا تھا۔
خواجہ آصف نے زور دیا کہ میں عدالتوں کا احترام کرتا ہوں مگر ایسا نہیں لگنا چاہے کہ ان کے ساتھ کچھ خصوصی سلوک کیا جارہا ہے۔
الیکشن سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے الیکشن کی نفی میں کچھ دکھائی نہیں دے رہا، الیکشن کی تیاریاں ہورہی ہیں۔