اسلام آباد(امت نیوز)برطانوی ہائی کمیشن کی ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر جوموئیر نے چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد سے منگل کو ایف بی آر ہیڈکوارٹر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ریونیو موبلائزیشن، انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ (REMIT) پروگرام کے ذریعے ایف بی آر کے ساتھ مسلسل تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں سیلز ٹیکس کی ہم آہنگی، ٹریک اینڈ ٹریس، پی او ایس، تجارتی سہولت کے لیے زمینی سرحدوں کا استعمال، انٹرنیشنل ٹیکسیشن میں معاونت، ٹیکس دہندگان کی سہولت اور ٹیکس کی تعمیل کے لیے ڈیٹا انٹیگریشن شامل ہیں۔
جو موئیر نے موثر پبلک سروس ڈیلیوری کیلۓ ریونیو موبلائزیشن کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد نے REMIT کی جانب سے فراہم کردہ تعاون کو سراہا اور مستقبل میں بھی تعاون جاری رکھنے کا عزم کیا۔