وزیراعظم شہباز شریف اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

اسلام آباد(اُمت نیوز)وزیراعظم شہباز شریف اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہواہے۔
جس میں وزیراعظم نے بی ایم جی ایف کی جانب سے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کیلئے مدد کو سراہا ہے۔
شہباز شریف نے بل گیٹس کو پولیو کے خاتمے کیلئے وزیر صحت اور ان کی ٹیم کی کوششوں سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے فاؤنڈیشن کے ساتھ شراکت داری مزید مستحکم کرنے کی پاکستان کی خواہش کا بھی اعادہ کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان پولیو کی تمام اقسام کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہے۔
انہوں نے 2022 میں پولیو کے نئے کیسز رپورٹ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا، وزیراعظم نے کہا کہ ستمبر 2022 سے پولیو کیسز میں وقفہ آیا ہے۔
بل گیٹس نے پولیو کا خاتمہ یقینی بنانے کیلئے اپنی فاؤنڈیشن کے ذریعے مسلسل تعاون کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مقاصد پر مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔