عورت مارچ کے شرکا کا صحافیوں پر حملہ،خاتون رپورٹراور کیمرہ مین زخمی

اسلام آباد(امت نیوز)وفاقی دارالحکومت میں عورت مارچ کے شرکا نے صحافیوں پر حملہ کردیا۔ خواتین اور خواجہ سراؤں نے نجی ٹی وی کی خاتون صحافی اور کیمرہ مین کو تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ  زخمی ہوگئے ۔صحافیوں نے عورت مارچ کا بائیکاٹ کردیا

عورت مارچ کے زیر اہتمام پریس کلب اسلام آباد کے سامنے مارچ کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی۔ شرکا نے خواتین کے حقوق کیلئے نعرے بازی بھی کی۔

شرکا نے انتظامیہ کی جانب سے مقررہ کردہ رستے سے آگے نکل کر ڈی چوک جانے کی کوشش کی اور خواتین نے آگے آکر خاردار تاریں ہٹا دیں۔

انہوں نے نعرے لگائے کہ سڑک پر احتجاج کرنا ہمارا بھی حق ہے۔ پولیس نے مظاہرین کو روکا اور پولیس حکام اور مظاہرین کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔

مظاہرین نے اسلام آباد پولیس کے خلاف نعرے بازی شروع کردی۔

اسی دوران عورت مارچ کے شرکا نے کوریج کرنے والے صحافیوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں نجی ٹی وی چینل کی خاتون صحافی اور کیمرہ مین زخمی ہوگئے۔ خواتین اور خواجہ سراؤں نے کوریج کیلئے آئے میڈیا پر ہی حملہ کردیا۔ صحافیوں نے عورت مارچ کا بائیکاٹ کردیا۔