راولپنڈی: (امت نیوز) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بلوچستان کیلئےمنصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناسمجھ عناصر بلوچستان کے عوام و مسلح افواج کا عزم متزلزل نہیں کر سکتے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے گوادر کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف کو فارمیشن کی جانب سے آپریشن تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو اقتصادی راہداری اور امن کی کوششوں پر بھی بریف کیا گیا، جنرل سید عاصم منیر نے افسران و جوانوں کی کوششوں کو سراہا۔
اپنے دورے کے دوران آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی ،صحت اور کھیلوں سے متعلق منصوبوں کا اعلان کیا جبکہ آرمی چیف نے مختلف فلاحی منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان میں تعلیم، سولر سسٹم، ماہی گیری سے متعلق منصوبے شامل ہیں جبکہ آرمی چیف نے علاقہ کی اقتصادی ترقی پر بھی زور دیا۔
آرمی چیف نے گوادر کے منتخب نمائندوں اور عمائدین سے بھی ملاقات کی جبکہ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان، کور کمانڈر کوئٹہ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا ہے کہ ناسمجھ عناصر بلوچستان کے عوام اور مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، مسلح افواج اور بلوچستان کی عوام ترقی اور خوشحالی کے لیے پرعزم ہیں۔
جنرل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں مزید کہا ہے کہ عوام کی بہتری کے لیے پیشہ وارانہ عزم کے ساتھ کوششیں جاری رکھی جائیں۔