مدینہ منورہ(انٹرنیشنل ڈیسک) مدینہ منورہ میں رواں برس رمضان کے آخری عشرے کی خاص عبادت اعتکاف میں 4 ہزار 200 مرد اور خواتین بیٹھیں گے۔
منگل سے مسجد نبوی میں معتکفین کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ مرد معتکفین کے لیے مسجد نبوی کی مغربی چھت مختص کی گئی ہے ۔ مرد معتکفین باب نمبر چھ اور داخلی سیڑھیوں اور باب نمبر 10 کو آمد و رفت کے لیے استعمال کریں گے۔
خواتین معتکفات کے لیے مسجد نبوی کے شمال مشرقی حصے اور داخلے کے لیے باب 24اور 25 مختص کیے گئے ہیں۔
مسجد نبوی کے امور کی کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ معتکفین کے لیے سحری اور افطاری میں طعام اور مشروبات کا بندوبست کیا گیا ہے اور طبی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔
علاوہ ازیں معتکفین کو ان کی زبانوں میں دینی دروس دینے کا انتظام بھی کیا گیا ہے تاکہ وہ اس عبادت کے زیادہ سے زیادہ فیوض کو سمیٹ سکیں۔