پاکستانی نژاد شاہدخان امریکی صدر کی مشاورتی کمیٹی کے رکن مقرر

واشنگٹن(امت نیوز)امریکی صدر جوبائیڈن نے پاکستانی نژاد شاہد احمد خان کو صدر کی مشاورتی کمیٹی کا رکن برائے آرٹس نامزد کردیا۔

شاہد احمد خان نے 2004 میں جان کیری کی صدارتی مہم کے لیے نیشنل فنانس کے شریک چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دیں اور برسوں تک امریکا میں صدارتی، گورنری، سینیٹری، کانگریس، میئر اور عدالتی مہمات کے مشیر کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔

انہوں نے جو بائیڈن کی صدارتی مہم میں جنوبی ایشیائی امریکن کمیونٹی کو متحرک اور شامل کرنے میں ایک اہم کردار ادا کیا تھا۔

وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایشیائی اور مسلم دنیا پر خاص توجہ کے ساتھ بین الاقوامی معاملات میں شاہد احمد خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے صدر جوبائیڈن نے انھیں اپنی مشاورتی کمیٹی میں شامل کر لیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق شاہد احمد خان کو حکومت پاکستان نے بھی ستارۂ پاکستان سے نوازا ہے وہ ایک کمیونٹی لیڈر، سیاسی مشیر، اور بزنس مین ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قابل فخر پاکستانی رکن ڈیموکریٹک سینیٹری مہم کمیٹی کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے رکن کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور اس سے قبل ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کے ایڈوائزری بورڈ میں بھی رہ چکے ہیں۔

وہ سابق اعزازی قونصلیٹ جنرل ٹریکونبوسٹن کنسلٹنگ کارپوریشن کے بانی ہیں، جہاں انہوں نے قابل تجدید توانائی، آئی ٹی اور صحت کی دیکھ بھال پر توجہ مرکوز کرنے والی کمپنیوں کو سروسز فراہم کیں۔