اسرائیلی وزیر خارجہ کا ایرانی سکیورٹی چیف علی لاریجانی کو شہید کرنے کا دعویٰ
یہ کارروائی حالیہ فضائی حملوں کے دوران کی گئی، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
تل ابیب / تہران — اسرائیلی وزیر خارجہ اسرائیل کٹز نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل اور امریکا کی جانب سے کیے گئے حملوں کے دوران ایران کے سکیورٹی چیف علی لاریجانی کو شہید کر دیا گیا ہے۔
اسرائیلی وزیر خارجہ کے مطابق یہ کارروائی حالیہ فضائی حملوں کے دوران کی گئی، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
اس سے قبل اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ اسرائیلی فوج نے علی لاریجانی کو نشانہ بنایا ہے، لیکن ابتدائی اطلاعات میں یہ واضح نہیں ہو سکا تھا کہ وہ شہید ہوئے ہیں یا زخمی۔
دوسری جانب ایرانی میڈیا نے اسرائیلی میڈیا کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ علی لاریجانی کے بارے میں پھیلائی جانے والی خبریں درست نہیں۔ ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ہی ایرانی سکیورٹی چیف کا باضابطہ پیغام جاری کیا جائے گا تاکہ صورت حال واضح ہو سکے۔
مبصرین کے مطابق اسرائیلی دعوے اور ایرانی تردید کے باعث اس معاملے پر ابہام برقرار ہے، جبکہ خطے میں پہلے ہی کشیدگی بڑھنے کے باعث اس خبر پر عالمی سطح پر توجہ دی جا رہی ہے۔