اسرائیلی حملے میں پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان علی محمد نعینی شہید

پاسداران انقلاب نے تصدیق کر دی۔ بریگیڈیئر جنرل علی محمد نعینی 2024 سے اس عہدے پر تھے

               
March 20, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا

ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) کے ترجمان اور شعبہ تعلقات عامہ کے نائب بریگیڈیئر جنرل علی محمد نعینی جمعہ کی صبح تہران پر ہونے والے اسرائیلی حملوں میں شہید ہو گئے۔ ایرانی سرکاری میڈیا نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔

پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں بریگیڈیئر جنرل علی محمد نعینی کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ تہران میں ہونے والے فضائی حملے میں جان کی بازی ہار گئے۔ بیان کے مطابق حملہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے کیا گیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق علی محمد نعینی سنہ 2024 سے آئی آر جی سی کے ترجمان کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے اور اس سے قبل بھی تنظیم میں مختلف اہم عہدوں پر فائز رہے۔ پاسدارانِ انقلاب سے وابستہ فارس نیوز ایجنسی نے بتایا کہ وہ چار دہائیوں سے زیادہ عرصے تک اس ادارے سے وابستہ رہے اور گزشتہ دو برس سے ترجمان کی ذمہ داریاں سنبھال رہے تھے۔

ایرانی حکام کی جانب سے حملے کے مزید نقصانات اور ممکنہ ردعمل کے بارے میں فوری طور پر تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، تاہم واقعے کے بعد تہران میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔