ایران اور امریکا مذاکرات پر ابہام، وائٹ ہاؤس نے قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا

ملاقات کی خبریں حتمی نہ سمجھی جائیں جب تک وائٹ ہاؤس کی جانب سے باضابطہ اعلان نہ ہو۔

               
March 24, 2026 · بام دنیا

واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے ایران کے ساتھ ممکنہ مذاکرات کے حوالے سے پھیلی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صورتحال غیر یقینی اور غیر واضح ہے۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے کہا کہ یہ حساس سفارتی بات چیت ہے اور امریکا میڈیا کے ذریعے مذاکرات نہیں کرے گا۔ ترجمان نے واضح کیا کہ ملاقات کی خبریں حتمی نہ سمجھی جائیں جب تک وائٹ ہاؤس کی جانب سے باضابطہ اعلان نہ ہو۔

برطانوی نشریاتی اداروں کے مطابق، وائٹ ہاؤس نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ سے متعلق ممکنہ مذاکرات کے حوالے سے قیاس آرائیوں کو کم کرنے کی کوشش کی ہے، جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا تھا کہ دونوں فریق کسی معاہدے کی جانب پیش رفت کے قریب ہیں۔

اس دوران امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے پاکستان میں ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ بات چیت میں انتظامیہ کی نمائندگی کرنے کی خبریں سامنے آئیں، تاہم وائٹ ہاؤس نے واضح کیا کہ صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے اور کسی باضابطہ ملاقات کا اعلان نہیں کیا گیا۔