اسرائیل کا نیا فوجی بجٹ منظور،سکیورٹی اخراجات میں بڑا اضافہ
حکومت فوج اور سکیورٹی اداروں کو مکمل وسائل فراہم کرے گی تاکہ موجودہ چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
تل ابیب: اسرائیلی پارلیمنٹ نے ملک کے دفاعی بجٹ میں نمایاں اضافے کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت سکیورٹی کے لیے 32 ارب شیکل کا اضافہ کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے بجٹ میں ریزرو فوجیوں کے لیے 6 ارب شیکل جبکہ غزہ کے قریب متاثرہ اسرائیلی علاقوں کی بحالی کے لیے 5 ارب شیکل مختص کیے گئے ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل بھی ریزرو فوجیوں کو 20 ارب شیکل فراہم کیے جا چکے ہیں۔
اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ حکومت فوج اور سکیورٹی اداروں کو مکمل وسائل فراہم کرے گی تاکہ موجودہ چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
دوسری جانب عوامی سطح پر تشویش کا اظہار بھی سامنے آیا ہے، جہاں بعض اسرائیلی شہریوں کا کہنا ہے کہ بھاری ٹیکس ادا کرنے کے باوجود وہ خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں۔
وزیرِاعظم نے عوام کو یقین دلایا کہ ٹیکس نظام میں تبدیلی کے ذریعے ریلیف دینے کی کوشش کی جائے گی، جبکہ سکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔