امریکہ،اسرائیل کے لیے خطے کو جہنم بنا دیں گے۔ ٹرمپ کو تہران کی جوابی دھمکی۔ بین البراعظمی میزائل تیار ہیں،ایرانی صحافی کا دعویٰ
ہواسانگ 18 کی آخری کھیپ موصول ہوگئی۔ رینج 15 ہزار کلومیٹر ہے، حسین باقری
ایرانی صحافی محمد حسین باقری نے انکشاف کیا ہے کہ شمالی کوریا نے تہران کو بین البراعظمی بیلسٹک میزائل فراہم کر دئیے ہیں۔ ان کی کم از کم رینج 15 ہزار کلومیٹر ہے۔
پاکستانی صحافی مبشر لقمان کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے حسین باقری کا کہنا تھا کہ ہواسانگ 18 میزائل کی آخری کھیپ ایران کو موصول ہوگئی جس کے بعد 500 میزائل کسی بھی وقت لانچنگ کے لیے تیار ہیں۔
محمدحسین باقری نے مزید بتایا کہ ٹھوس ایندھن کا تھری سٹیج میزائل صرف 2 منٹ میں داغا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہواسانگ 18 میزائل کا لانچنگ پلیٹ فارم روڈ موبائل ہے، جس کی نقل وحرکت آسانی سے ممکن ہے، اور اسے چھپایا جاسکتا ہے۔
باقری نے کہا کہ اب تک ایرانی فوج نے جو میزائل استعمال کیے ہیں وہ زیادہ تر مائع ایندھن کے ہیں جنہیں داغنے میں زیادہ سے درکار ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ ہواسانگ 18 شمالی کوریا کا پہلا بین البراعظمی ایٹمی میزائل ہے جسے 2023 نہیں سامنے لایا گیا تھا۔ اس کے کم از کم 3 تجربات ہو چکے ہیں۔
ادھر،ایرانی مسلح افواج کی کو آرڈی نیٹ کمانڈ نے خطے کو امریکہ اور اسرائیل کے لیے جہنم بنا دینے کی دھمکی دی ہے۔
خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈ کوارٹرز کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری کا کہنا ہے کہ اگر کشیدگی بڑھی تو پورا خطہ آپ کے لیے جہنم میں بدل جائے گا؛ اسلامی جمہوریہ ایران کو شکست دینے کا وہم ایک ایسی دلدل بن جائے گا جس میں آپ غرق ہو جائیں گے۔
خاتم الانبیا کے کمانڈر علی عبداللہی نے بھی دھمکی دی ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے لیے جہنم کے دروازے کھول دیے جائیں گے۔
ان کے یہ تبصرے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد سامنے آئے ہیں جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایران کے پاس ڈیل کرنے یا آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے 48 گھنٹے ہیں، ورنہ ملک پر جہنم مسلط کر دی جائے گی۔
کمانڈر علی نے کہا کہ اگر امریکہ ایران کے بنیادی ڈھانچے پر حملہ کرتا ہے، تو تہران بغیر کسی حد کے امریکی فوج اور اسرائیل کے زیر استعمال انفراسٹرکچر کو نشانہ بنائے گا۔