نقصانات چھپانے کی کوشش،امریکی کمپنی نے سیٹلائٹ تصاویر پر پابندی لگادی
یہ فیصلہ امریکی حکومت کی ہدایت پر کیا گیا ہے تاکہ حساس معلومات دشمن عناصر کے ہاتھ نہ لگیں
واشنگٹن: امریکی کمپنی پلانٹ لیبز نے ایران اور مشرق وسطیٰ کے جنگ زدہ علاقوں کی سیٹلائٹ تصاویر پر غیر معینہ مدت کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ فیصلہ امریکی حکومت کی ہدایت پر کیا گیا ہے تاکہ حساس معلومات دشمن عناصر کے ہاتھ نہ لگیں اور امریکا اور اس کے اتحادیوں کے خلاف استعمال نہ ہو سکیں۔ پلانٹ لیبز نے بتایا کہ پابندی کے تحت 9 مارچ سے اب تک کی تمام تصاویر روک دی جائیں گی، اور مستقبل میں صرف مخصوص اہم ضروریات کے لیے محدود بنیادوں پر تصاویر فراہم کی جائیں گی۔
پلانٹ لیبز نے واضح کیا کہ یہ اقدام جنگ کے خاتمے تک جاری رہ سکتا ہے۔ اس سے قبل کمپنی نے تصاویر کی فراہمی میں 96 گھنٹے کی تاخیر متعارف کروائی تھی، جسے بعد میں بڑھا کر 14 دن کر دیا گیا تھا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سیٹلائٹ تصاویر جدید جنگی آپریشنز میں انتہائی اہمیت رکھتی ہیں، کیونکہ ان کے ذریعے اہداف کی شناخت، نگرانی، میزائل گائیڈنس اور کمیونیکیشن کے امور انجام دیے جاتے ہیں۔ اسی وجہ سے ایسی معلومات پر کنٹرول کو سیکیورٹی نقطہ نظر سے اہم قرار دیا جاتا ہے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف کارروائیوں کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور جنگی سرگرمیاں متعدد ممالک تک پھیل رہی ہیں۔