امریکہ آبنائے ہرمز سے بارودی سرنگیں صاف کرکے دنیا پر احسان کر رہا ہے، ٹرمپ کا دعویٰ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ آبنائے ہرمز میں بچھائی گئی سمندری بارودی سرنگوں کو صاف کرنے کا عمل کر رہا ہے تاکہ عالمی تجارت کو محفوظ بنایا جا سکے۔
غیر ملکی ذرائع کے مطابق امریکی صدر نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں سب سے بڑا خطرہ جہازوں کا بارودی سرنگوں سے ٹکرا جانا ہے، جس کے نتیجے میں بڑی تباہی ہو سکتی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکہ اس خطرے کو ختم کرنے کے لیے کارروائیاں کر رہا ہے اور یہ اقدام دنیا کے مختلف ممالک کے لیے ایک اہم سہولت ہے، جن میں چین، جاپان، جنوبی کوریا، فرانس اور جرمنی جیسے ممالک شامل ہیں جو اس نوعیت کے اقدامات خود کرنے سے قاصر ہیں۔
ٹرمپ کے مطابق ایران کی جانب سے بارودی سرنگیں بچھانے والی کچھ سرگرمیاں سمندر کی تہہ میں جا چکی ہیں، جبکہ ایران کی بحری اور فضائی صلاحیتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے میزائل اور ڈرون نظام بھی بڑی حد تک غیر مؤثر ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین تیل کی ترسیلی راستوں میں سے ایک ہے، جہاں سے عالمی تیل کا بڑا حصہ گزرتا ہے، اور حالیہ کشیدگی کے باعث اس راستے پر بحری آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔