حج آپریشن: 36 ہزار سے زائد عازمین سعودی عرب پہنچ گئے

پاکستان حج مشن کا مین کنٹرول آفس عازمین کو سہولیات فراہم کرنے میں مصروف ہے

               
  May 4, 2026 · بام دنیا

پاکستان سےعازمینِ حج کی سعودی عرب آمد کے اعداد و شمار جاری کر دیے گئے ہیں، جس کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 36 ہزار 943 پاکستانی عازمین حج مقدس سرزمین پہنچ چکے ہیں۔ اب تک 126 پروازوں کے ذریعے 32 ہزار 454 سرکاری جبکہ 4 ہزار 489 پرائیویٹ عازمین حج سعودی عرب پہنچے۔

حج فلائٹ آپریشن کے ایک اہم مرحلے میں آج پیر 4 مئی سے جدہ کے لیے براہ راست پروازوں کا سلسلہ بھی شروع ہو رہا ہے، جس کے تحت آج ملک کے مختلف شہروں سے 17 پروازوں کے ذریعے مزید 4 ہزار 377 عازمین مکہ المکرمہ پہنچیں گے۔

دوسری جانب مکہ مکرمہ میں پاکستان حج مشن کا مین کنٹرول آفس عازمین کو سہولیات فراہم کرنے میں مصروف ہے۔ شعبہ گمشدگی و بازیابی نے اب تک 6 لاپتہ عازمین، 37 ویل چیئرز اور 3700 بیگز تلاش کر کے حاجیوں کے سپرد کیے ہیں۔ اس کے علاوہ 13 ہزار سے زائد عازمین کی حرم گائیڈز کے ذریعے راستوں کی رہنمائی کی گئی۔

حج میڈیکل مشن عازمین کو بھرپور طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اب تک 5 ہزارعازمین کو او پی ڈی خدمات فراہم کی جا چکی ہیں۔ طبی مشن نے اب تک 132 ڈینٹل پروسیجر، 28 ایکسرے، 18 لیب ٹیسٹ، 8 الٹراساؤنڈ اور 5 ای سی جی مکمل کیے ہیں تاکہ عازمین اپنی عبادت پر بھرپور توجہ دے سکیں۔