کویت کا پاسدارانِ انقلاب سے تعلق رکھنے والے 4 افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ

یہ افراد سمندر راستے سے ملک میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے کہ جب انھیں حراست میں لیا گیا ، کویتی انتظامیہ

May 12, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کویت سٹی: کویتی انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے سمندر کے راستے ملک میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ایرانی پاسدارانِ انقلاب سے تعلق رکھنے والے 4 افراد کو گرفتار کر لیا ۔

کویتی خبر رساں ادارے ’کونا‘ نے وزارتِ داخلہ کے حوالے سے ایک بیان میں بتایا کہ یہ افراد سمندر راستے سے ملک میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے کہ جب انھیں حراست میں لیا گیا۔

وزارت کے مطابق ان افراد کے ساتھ ہونے والی جھڑپ کے دوران کویتی مسلح افواج کا ایک اہلکار زخمی بھی ہوا۔

مزید بتایا گیا کہ زیرِ حراست افراد نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ ان کا تعلق اسلامی جمہوریہ ایران سے ہے اور وہ پاسدارانِ انقلاب کے اہلکار ہیں۔

کویتی وزارتِ داخلہ کے مطابق ملزمان نے یہ بھی اعتراف کیا کہ ’انھیں ایک مخصوص مشن کے تحت بوبيان جزیرے میں بھیجا گیا تھا، جس کے لیے انھوں نے ایک چھوٹی کشتی کرائے پر حاصل کی تھی تاکہ کویت کے خلاف دشمنانہ کارروائیاں انجام دی جا سکیں۔‘

بیان میں کہا گیا کہ حراست میں لیے جانے والے افراد کا کویتی سکیورٹی فورسز کے ساتھ تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا جبکہ دو دیگر ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔