عوام کو ریلیف کے لیے مہنگائی میں کمی کے اقدامات کیے جائیں،نوازشریف
حکومت کو معاشی بہتری اور قیمتوں میں استحکام کیلئے مؤثر اقدامات کا مشورہ
نواز شریف کا عوامی ریلیف پر زور
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ مہنگائی میں کمی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے جاتی عمرہ میں نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ اور مجموعی معاشی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے نواز شریف کو بجٹ کی تیاریوں اور اہم معاشی نکات سے آگاہ کیا۔نواز شریف نے اس موقع پر زور دیا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو سہولت فراہم کرنا اور مہنگائی میں کمی لانا ہونی چاہیے تاکہ عام شہری کو ریلیف مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں استحکام آنے سے عوام کو نہ صرف مالی بلکہ ذہنی سکون بھی حاصل ہوگا۔سابق وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ ایسی معاشی حکمت عملی اپنائی جائے جس سے عام آدمی پر مالی دباؤ کم سے کم ہو اور زندگی آسان بنائی جا سکے۔
ملاقات میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بھی موجود تھے، جہاں ملکی معاشی صورتحال اور آئندہ پالیسیوں پر بھی غور کیا گیا۔