ایران کے ساتھ معاہدہ شاندار اور بامعنی ہوگا یا پھر سرے سے کوئی معاہدہ نہیں ہوگا، ٹرمپ

ڈیموکریٹ ہوں یا ریپبلکن دونوں’احمق‘ ہیں، وہ ’ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے کے بارے میں کچھ نہیں جانتے ، سوشل میڈیا پر بیان

فائل فوٹو

فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کے ساتھ جاری مذاکرات اور ممکنہ معاہدے کا دفاع کیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے ایران سے مذاکرات پر تنقید کرنے والے خواہ وہ ڈیموکریٹ ہوں یا ریپبلکن کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انھیں ’احمق‘ قرار دیا اور کہا کہ وہ ’ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے کے بارے میں کچھ نہیں جانتے۔

صدر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدہ ’یا تو شاندار اور بامعنی ہوگا یا پھر سرے سے کوئی معاہدہ نہیں ہوگا۔

انھوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ان سیاستدانوں کو ’تفرقہ پھیلانے والے‘ افراد قرار دیا اور کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں کہ جو ’میری ہر بڑی کامیابی پر مسلسل تنقید کرتے رہتے ہیں۔‘

گزشتہ چند روز کے دوران امریکی کانگریس کے متعدد ڈیموکریٹ اور ریپبلکن ارکان نے ٹرمپ انتظامیہ اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان میں ریپبلکن سینیٹر ٹام ٹِلس بھی شامل ہیں، جن کا ذکر صدر ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں کیا ہے۔

امریکہ کے کئی سابق عہدیدار، جن میں سابق وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو اور سابق قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن شامل ہیں، بھی اس ممکنہ معاہدے پر سخت تنقید کرنے والوں میں شمار ہوتے ہیں۔