جنگ کے خاتمے کے لیے ’باوقار فریم ورک‘ کے حصول کے لیے تیار ہیں۔صدر پزشکیان
ایران نے ہمیشہ سفارت کاری کے اصولوں اور معاہدوں کی روح کی پاسداری کی ہے
ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ ایران جنگ کے خاتمے کے لیے ایک ’باوقار فریم ورک‘ کے حصول کے لیے تیار ہے۔
ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق قطر کے امیر تميم بن حمد بن خليفہ آل ثانی سے ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو کے دوران صدر پزشکیان نے امن کے لیے دوحہ کے تعمیری کردار اور حمایت پر قطری امیر کا شکریہ ادا کیا۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر پزشکیان کا مزید کہنا تھا کہ ’ایران نے ہمیشہ سفارت کاری کے اصولوں اور معاہدوں کی روح کی پاسداری کی ہے۔
’اب وقت آ گیا ہے کہ دوسرا فریق بھی اپنے قول و فعل دونوں سے بین الاقوامی وعدوں کی پاسداری کرے۔‘
ایرانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ خطے میں استحکام کے لیے واضح راستہ فراہم کرنے کے لیے دستاویزات اور متون کو حتمی شکل دینے کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں۔