آزاد کشمیر: رکشہ کھائی میں گرنے سے 7 افراد جاں بحق

حکومت دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔وزیراعظم آزادکشمیر

May 29, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

حویلی:آزاد کشمیر کے ضلع حویلی میں رکشہ کھائی میں گرنے کے واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہوگئی۔

آزاد کشمیر پولیس کے مطابق حادثہ ضلع حویلی کے علاقے خورشید آباد میں پیش آیا تھا جہاں ابتدا میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے تھے۔

افسوسناک حادثے  پر وزیرِ اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے سانحے پر ضلع حویلی میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، فیصل ممتاز راٹھور نے حادثے کی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے ضلع حویلی میں 7 انسانی جانوں کے ضیاع پر ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا، حکومت دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے ٹریفک پولیس کو بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔