ایرانی وزیر خارجہ کا عمانی ہم منصب سے رابطہ۔مکمل حمایت کا اظہار

خطے کے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ مشاورت اور تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ عراقچی

May 30, 2026 · بام دنیا

ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ عمانی ہم منصب سے ہونے والی گفتگو انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز رہی، جس میں عمان کو درپیش کسی بھی خطرے کے مقابلے میں ایران کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا گیا۔

عباس عراقچی نے ایکس پر جاری بیان میں مزید کہا کہ ’عمان کے وزیرِ خارجہ بدر البوسعیدی کے ساتھ ہونے والی گفتگو آبنائے ہرمز اور اس کے مستقبل کے انتظامی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’آبنائے ہرمز سے متعلق معاملات پر عمان اور ایران کی پالیسی خودمختار ذمہ داریوں اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کے مطابق ہوگی۔

عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ’وہ خطے کے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ مشاورت اور تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں تاکہ اہم بحری گزرگاہوں میں استحکام اور محفوظ آمدورفت کو یقینی بنایا جا سکے۔

تاہم دوسری جانب حالیہ دنوں میں امریکہ اور عمان کے درمیان بھی کشیدگی دیکھی گئی ہے۔ امریکی حکام نے عمان کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ ایران کے ساتھ مل کر آبنائے ہرمز میں جہازوں پر ٹول یا کسی مشترکہ انتظامی نظام کے قیام میں تعاون کرتا ہے تو اس کے خلاف پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایک بیان میں عمان کو سخت نتائج کی دھمکی دی تھی، جبکہ امریکی محکمہ خزانہ نے کہا تھا کہ آبنائے ہرمز میں ٹول نظام کے قیام میں شامل کسی بھی فریق کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔