بھارتی آرمی چیف کا سندور 2.0‘بیان اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش قرار

ایسے بیانات ایسے وقت سامنے آ رہے ہیں جب بھارت کو سیاسی، سماجی اور معاشی سطح پر مختلف چیلنجز کا سامنا ہے

May 31, 2026 · اہم خبریں

اسلام آباد: بھارتی آرمی چیف کی جانب سے ’’سندور 2.0‘‘ سے متعلق دیا گیا حالیہ بیان مبصرین کی جانب سے بھارت کے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ علاقائی صورتحال اور سفارتی محاذ پر دباؤ کے تناظر میں بھارت ایک بار پھر پاکستان مخالف بیانیہ اختیار کرتا دکھائی دے رہا ہے۔ ان کے مطابق ایسے بیانات ایسے وقت سامنے آ رہے ہیں جب بھارت کو سیاسی، سماجی اور معاشی سطح پر مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کے خطاب میں جدید جنگی حکمت عملی، عسکری تیاری، باہمی رابطہ کاری اور انفارمیشن آپریشنز جیسے موضوعات کا ذکر اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ بھارتی فوج کو مختلف شعبوں میں کئی چیلنجز درپیش ہیں۔

سیاسی مبصرین کے مطابق ’’سندور 2.0‘‘ کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت میں حکومتی پالیسیوں پر تنقید میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ ان کے خیال میں پاکستان مخالف بیانات کے ذریعے داخلی دباؤ سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

تجزیہ کاروں نے یہ بھی کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے الزام تراشی کے بجائے سنجیدہ سفارت کاری اور باہمی مذاکرات کی ضرورت ہے۔