پاکستان میں محرم الحرام کے چاند کی رویت سے متعلق پیشگوئی

ذوالحجہ 1447 ہجری کے 30 دن مکمل ہونے کے بعد یکم محرم الحرام 1448 ہجری بدھ 17 جون 2026ء کو ہوگی ، رویت ہلال ریسرچ کونسل

May 31, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

رویت ہلال ریسرچ کونسل نے پاکستان میں محرم الحرام کے چاند سے متعلق پیش گوئی کر دی۔

نجی ٹی وی کے مطابق رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے مطابق نیا چاند 15 جون 2026ء کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 54 منٹ پر پیدا ہوگا۔ تاہم اسی روز غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 12 گھنٹوں سے بھی کم ہوگی، جبکہ ہلال کی رویت کے لیے عموماً چاند کی عمر 18 گھنٹے سے زائد ہونا ضروری سمجھی جاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ غروب شمس اور غروب قمر کے درمیان وقفہ بھی رویت ہلال کے لیے اہم ہوتا ہے۔ 15 جون کی شام کراچی میں یہ فرق 37 منٹ جبکہ پشاور میں 42 منٹ ہوگا، تاہم چاند کی کم عمر کے باعث رویت کے امکانات موجود نہیں ہوں گے۔

خالد اعجاز مفتی کے مطابق چاند کی عمر 18 گھنٹوں سے کم ہونے کی وجہ سے مطلع صاف ہونے کی صورت میں بھی 15 جون کی شام ہلال کی رویت ننگی آنکھ، دوربین یا حتیٰ کہ ٹیلی سکوپ کے ذریعے بھی ممکن نہیں ہوگی۔

رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق ذوالحجہ 1447 ہجری کے 30 دن مکمل ہونے کے بعد یکم محرم الحرام 1448 ہجری بدھ 17 جون 2026ء کو ہوگی جبکہ یوم عاشور 10محرم الحرام 26جون بروز جمعہ کو ہو گی۔ تاہم انہوں نے واضع کیا کہ نئے اسلامی سال کے آغاز یعنی محرم الحرام کے چاند کی رویت کا شرعی اور حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کونسل کرے گا۔