ایران پر حملوں کے باوجود جنگ بندی برقرار ہے۔ امریکہ

بحرین و کویت پر میزائل حملے ناکام بنا دیئے ہیں۔ امریکی دعویٰ

June 3, 2026 · بام دنیا

امریکہ نے ایران کے جزیرے قشم پر کیے گئے حالیہ فضائی حملوں کو “جوابی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی اب بھی برقرار ہے۔

سینٹکام کے مطابق امریکی افواج نے ایران کے جزیرے قشم پر فضائی حملے کیے، جو اس کے بقول خطے میں اتحادی ممالک کے خلاف ہونے والی کوششوں کے جواب میں کیے گئے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ منگل کے روز خطے کے پڑوسی ممالک پر حملوں کی کوششوں کے بعد یہ کارروائی کی گئی۔ بیان کے مطابق بحرین کی جانب داغے گئے میزائلوں کو بحرینی افواج کے ساتھ مل کر روکا گیا۔

اسی طرح بتایا گیا ہے کہ کویت کی طرف فائر کیے گئے دو ایرانی بیلسٹک میزائل یا تو اپنے ہدف تک نہیں پہنچ سکے یا راستے میں ہی ٹوٹ کر گر گئے۔

سینٹ کام نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے سمندری جہازوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم وہ حملے بھی ناکام رہے۔

امریکہ کا مؤقف ہے کہ اس کی فوجی کارروائی دفاعی نوعیت کی تھی اور خطے میں جنگ بندی بدستور جاری ہے۔

اسی دوران امریکی صدر ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور یہ مسلسل چل رہے ہیں۔