آبنائے ہرمز کی بندش کے باوجود تیل بردار جہازوں کی آمدورفت جاری

کشیدگی کے باوجود چند ٹینکرز آبنائے ہرمز عبور کرنے میں کامیاب ہوگئے

June 3, 2026 · بام دنیا

امریکہ اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی اور آبنائے ہرمز میں نقل و حمل پر سخت پابندیوں کے باوجود بعض بحری جہاز اس اہم آبی گزرگاہ سے گزرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بحری جہازوں کی نقل و حرکت کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ دو تیل بردار ٹینکرز آبنائے ہرمز سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے جبکہ ایک مائع قدرتی گیس (ایل این جی) بردار جہاز نے متحدہ عرب امارات میں اپنا سامان بھی لاد لیا۔
رپورٹ کے مطابق سی وکٹریئس نامی ٹینکر، جس میں کم از کم 80 ہزار میٹرک ٹن فیول آئل موجود ہے اور جو اپریل کے آغاز میں عراق سے روانہ ہوا تھا، 30 مئی کو آبنائے ہرمز عبور کرکے ملائیشیا کی جانب روانہ ہو گیا۔
اسی طرح ایس ٹی آئی ایلیسز نامی ٹینکر، جو فروری کے آخر سے کویت سے تیل کی مصنوعات لے کر روانہ ہوا تھا، 29 مئی کو کامیابی سے آبنائے ہرمز عبور کر گیا، تاہم اس کی منزل معلوم نہیں ہو سکی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ میری گولڈ نامی ایل این جی بردار جہاز نے 3 مئی کو اپنی خودکار شناختی نظام بند کر کے خاموشی سے آبنائے ہرمز میں داخلہ حاصل کیا اور 24 تا 25 مئی متحدہ عرب امارات کے داس جزیرے پر کارگو لوڈ کرنے میں کامیاب رہا۔
ادھر الحمرا، العریش، الخویر اور المرونہ نامی چار ایل این جی ٹینکرز حالیہ دنوں میں بھارت اور سری لنکا کے قریب سمندری علاقوں سے روانہ ہو کر آبنائے ہرمز کے مشرقی داخلی راستے کے نزدیک لنگر انداز ہوئے ہیں، جسے آبی گزرگاہ کے دوبارہ کھلنے کی امیدوں میں اتار چڑھاؤ کا اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔