کویت اور بحرین کی جانب داغے گئے ایرانی میزائل ناکام رہے۔ سینٹکام
ایران کے میزائل اپنے اہداف تک نہ پہنچ سکے۔ امریکی فوج کا دعویٰ
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایران کے ساتھ رات بھر جاری رہنے والی جوابی کارروائیوں کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے داغے گئے میزائل اپنے مطلوبہ اہداف کو نشانہ بنانے میں ناکام رہے۔
سینٹ کام کے بیان کے مطابق امریکی افواج نے مشرقِ وسطیٰ میں ایران کی جانب سے مبینہ حملوں کی کوششوں کے جواب میں “دفاعی کارروائی” کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران نے خطے کے کئی پڑوسی ممالک کی جانب متعدد بیلسٹک میزائل داغے، تاہم کوئی بھی میزائل اپنے ہدف تک نہیں پہنچ سکا۔
امریکی فوج کے مطابق کویت کی جانب فائر کیے گئے دو ایرانی میزائل یا تو ہدف تک پہنچنے سے پہلے گر گئے یا راستے میں ٹکڑے ٹکڑے ہو گئے، جبکہ بحرین کی جانب داغے گئے تین میزائلوں کو امریکی اور بحرینی فضائی دفاعی نظام نے فوری طور پر تباہ کر دیا۔
سینٹ کام نے مزید کہا کہ خطے میں امریکی اور اتحادی افواج صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔