بیروت حملے کے بعد ایران کا جوابی وار۔اسرائیل پر میزائل داغنے کادعویٰ
اسرائیلی فوج کے مطابق فضائی دفاعی نظام متحرک،حیفا اور شمالی علاقوں میں سائرن بجا دیے گئے
بیروت پر اسرائیلی حملے کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے اسرائیلی علاقوں کی جانب متعدد میزائل داغے ہیں، جنہیں فضائی دفاعی نظام کے ذریعے روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق میزائل لانچ ہونے کا پتا چلتے ہی حیفا سمیت شمالی اسرائیل کے مختلف علاقوں میں خطرے کے سائرن بجا دیے گئے اور شہریوں کو حفاظتی ہدایات جاری کر دی گئیں۔
فوجی حکام کا کہنا ہے کہ ممکنہ مزید حملوں کے پیش نظر فوج ہائی الرٹ پر ہے اور آئندہ چند گھنٹوں کے دوران صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔
اسرائیلی فوج کا یہ دعویٰ اتوار کو بیروت کے جنوبی مضافات پر کیے گئے اسرائیلی حملے کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں جانی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ایرانی حکام پہلے ہی خبردار کر چکے تھے کہ لبنان کے دارالحکومت پر حملے کا جواب دیا جائے گا۔ دوسری جانب پاسداران انقلاب نے اسرائیل کو متنبہ کیا ہے کہ لبنان پر حملے بند کیے جائیں، بصورت دیگر اسے مزید سنگین اور تباہ کن نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔