آزاد کشمیرحکومت کا 4 مطلوب افراد کی گرفتاری پر ایک کروڑ انعام
شوکت نواز میر، عمر نذیر کشمیری، خواجہ مہران ارشد اور سردار امان خان کے نام شامل
فائل فوٹو
حکومت آزاد جموں و کشمیر نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) سے تعلق رکھنے والے 4 مطلوب افراد کی گرفتاری میں مدد فراہم کرنے والے شخص کے لیے ایک کروڑ روپے انعام مقرر کر دیا ہے۔
انعامی فہرست میں شوکت نواز میر، عمر نذیر کشمیری، خواجہ مہران ارشد اور سردار امان خان کے نام شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مطلوب افراد کی گرفتاری میں مؤثر معلومات فراہم کرنے والے شخص کو 10 ملین روپے (ایک کروڑ روپے) انعام دیا جائے گا۔
محکمہ داخلہ آزاد کشمیر کے نوٹیفکیشن کے مطابق اطلاع فراہم کرنے والے شخص کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی۔
محکمہ داخلہ نے انعامی اسکیم پر فوری عمل درآمد کےلیے آئی جی آزاد کشمیر کو ضروری اقدامات کی ہدایت کردی ہے۔
اس کے ساتھ ہی محکمہ داخلہ آزاد کشمیر نے شوکت نواز میر اور خواجہ مہران ارشد کے خلاف بغاوت اور ریاست مخالف سرگرمیوں کے الزامات کے تحت باضابطہ قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔
حکومت آزاد کشمیر نے تقاریر، تحریروں، اشاعتوں اور الیکٹرانک مواصلات سے متعلق تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
محکمہ داخلہ آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ دستیاب مواد کے جائزہ کے بعد قرار دیا گیا کہ الزامات قانون کے مطابق مزید تحقیقات کے متقاضی ہیں۔
متعلقہ ضلعی پولیس سربراہان کو تحقیقات مکمل کر کے متعلقہ عدالت میں چالان پیش کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔