ایران، پاکستان سرحد پر تجارت اورایل پی جی سپلائی جاری ہے،حکام

درآمدات اور کلیئرنس کے عمل میں کوئی خلل نہیں آیا۔۔ کسٹمز

June 10, 2026 · قومی

فائل فوٹو

پاکستان کسٹمز نے سرکاری طور پر تصدیق کی ہے کہ پاک-ایران سرحد (گبد-رمدان) پر تجارت اور ایل پی جی کی سپلائی مکمل طور پر جاری اور آپریشنل ہے۔

حالیہ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ سرحد پر تجارت رک گئی ہے اور ایل پی جی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے، تاہم کسٹمز نے ان خبروں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرحدی آپریشنز معمول کے مطابق چل رہے ہیں اور ضروری اشیاء سمیت ایل پی جی کی نقل و حرکت بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہے۔

01 جون 2026 سے 08 جون 2026 تک گبد،رمدان سرحد کے ذریعے 748 ایل پی جی گڈز ڈیکلریشنز (جی ڈیز) کلیئر کی گئیں جن میں تقریباً 17,353 میٹرک ٹن ایل پی جی شامل ہے۔ یہ اعداد و شمار واضح طور پر ظاہر کرتے ہیں کہ ایران سے ایل پی جی کی درآمدات اور کلیئرنس کے عمل میں کوئی خلل نہیں آیا۔

کسٹمز کے مطابق سرحد پر شفافیت بڑھانے اور غلط ڈیکلریشن روکنے کے لیے نئے طریقہ کار متعارف کرائے گئے ہیں، تاہم ایل پی جی اور بٹومن جیسی ضروری اشیاء کو گرین چینل کے ذریعے فوری کلیئرنس دی جا رہی ہے۔

پاکستان کسٹمز کا کہنا ہے کہ قانونی تجارت کو آسان بنانا، ریونیو کا تحفظ اور سرحدی کارروائیوں کو مؤثر بنانا اس کی ترجیح ہے۔