مظفرآبادمیں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو فنڈز دینے پر چار بڑی بیکریاں سیل

مقامی انتظامیہ نے انسداد دہشت گردی دفعات کے تحت کارروائی کی

June 12, 2026 · قومی

فائل فوٹو

کشمیر میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو فنڈز (چندہ) فراہم کرنے کے الزام میں مقامی انتظامیہ نے مظفرآباد کی چار بڑی بیکریوں کو سیل کر دیا۔

اسسٹنٹ کمشنر حماد بشیر کے مطابق حکومت کی جانب سے پابندی عائد کی گئی کسی بھی تنظیم کو فنڈز فراہم کرنے والوں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات 21، 22 اور 23 کے تحت کارروائی کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی ایک کالعدم تنظیم ہے اور مظفرآباد میں چار بڑے بیکرز نے اسے فنڈز فراہم کیے تھے، جس پر مذکورہ دفعات کے تحت انہیں سیل کر دیا گیا۔

سیل کی جانے والی بیکریوں میں عنایت بیکرز، شاہین بیکرز، سٹی بیکرز اور فریسکو بیکرز شامل ہیں۔

جون سے قبل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ایک کور ممبر کو ایک بیکری مالک کی جانب سے ایک لاکھ روپے چندہ دینے کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی۔

یہ ویڈیو ایکشن کمیٹی کے رکن شوکت نواز میر کے آفیشل فیس بک پیج پر شیئر کی گئی تھی، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ہم سے پوچھا جاتا ہے کہ ہمیں فنڈز کہاں سے آتے ہیں، تو آج یہ ایک لاکھ روپے عنایت بیکرز کی طرف سے ملنے والا چندہ ظاہر کر رہا ہوں۔ ہماری فنڈنگ یہ دکاندار کرتے ہیں جو ہمیں ہڑتال کے لیے فنڈز فراہم کرتے ہیں۔