عراق: مالی بدعنوانی کے خلاف بڑی کامیابی،19ارب عراقی دینار برآمد

یہ مہم صرف آغاز ہے، بدعنوانی کا معاملہ ابھی ختم نہیں ہوا ، عراقی وزیر اعظم

July 1, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

بغداد: عراق کی اعلیٰ عدلیہ کونسل نے مالی بدعنوانی کے خلاف جاری تحقیقات میں ایک بڑی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے 19 ارب عراقی دینار (تقریباً 16 ملین امریکی ڈالر) کی سرکاری رقم واپس حاصل کر لی ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ مقدمہ عراقی ایئر ویز کے امانتی کھاتوں میں مبینہ رد و بدل اور مالی دستاویزات میں ہیرپھیر سے جڑا ہوا ہے۔ عدلیہ کی قیادت میں یہ کارروائیاں گزشتہ اکتوبر سے جاری ہیں، جن کا مقصد بدعنوانی کے نیٹ ورکس کو بے نقاب کرنا اور لوٹی گئی رقم کی واپسی کو یقینی بنانا ہے۔

عراقی وزیر اعظم علی الزیدی نے اس کامیابی پر وزارتِ خزانہ کو فوری طور پر ایک خصوصی اکاؤنٹ قائم کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ برآمد شدہ اثاثوں کو منظم طریقے سے ریاستی خزانے میں منتقل کیا جا سکے۔

وزیر اعظم علی الزیدی نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہم صرف آغاز ہے، بدعنوانی کا معاملہ ابھی ختم نہیں ہوا۔ موجودہ اقدامات اس وسیع مہم کا پہلا مرحلہ ہیں اور یہ حکومت کی اولین ترجیح رہے گا۔ ہر وہ شخص جس کے پاس عوام کا مال ہے، اسے وہ واپس کرنا ہوگا کیونکہ عوام کا پیسہ عوام ہی کا ہے۔”

حکومت نے بدعنوانی کے خلاف مہم کو مزید وسعت دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ مرحلے میں مزید بااثر افراد کے خلاف کارروائی اور عوامی رقوم کی بازیابی کا سلسلہ بلاامتیاز جاری رہے گا۔