ایران بحران پر امریکا مذاکرات کے لیے تیارہے،تہران سنجیدہ نہیں،مارکو روبیو

واشنگٹن سفارتی حل کو ترجیح دیتا ہے، لیکن اس کے لیے دونوں فریقوں کا بات چیت کے عمل میں سنجیدہ ہونا ضروری ہے۔

July 22, 2026 · بام دنیا

امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے اب بھی مذاکرات کا خواہاں ہے، تاہم ان کے بقول تہران اس حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہا۔

جنوب مشرقی ایشیا میں وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ واشنگٹن سفارتی حل کو ترجیح دیتا ہے، لیکن اس کے لیے دونوں فریقوں کا بات چیت کے عمل میں سنجیدہ ہونا ضروری ہے۔

دوسری جانب خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی توانائی کی ترسیل پر بھی اثرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کا خام تیل ایشیائی ممالک تک پہنچانے والے تین آئل ٹینکر بحیرہ احمر میں اپنا راستہ تبدیل کرکے واپس لوٹ گئے۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ٹینکروں کی واپسی کا فیصلہ بظاہر یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے دی گئی دھمکیوں کے بعد کیا گیا، جس سے بحیرہ احمر میں جہاز رانی اور توانائی کی سپلائی کے حوالے سے خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔

عالمی مبصرین کے مطابق اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہی تو اس کے اثرات بین الاقوامی تجارت، تیل کی رسد اور عالمی منڈیوں پر مزید نمایاں ہو سکتے ہیں۔