نشانہ بننے والے ٹینکر نے 4 بار ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کی،امریکی دعویٰ

ٹینکر کے عملے کو کئی بار وارننگ دی گئی اور پیش قدمی روکنے کی ہدایت کی گئی، تاہم جہاز نے ان احکامات پر عمل نہیں کیا۔

July 25, 2026 · بام دنیا

امریکی فوج نے بحیرۂ عمان میں ایک آئل ٹینکر کو نشانہ بنانے کے واقعے سے متعلق مزید تفصیلات جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ جہاز نے ایرانی بندرگاہوں پر عائد ناکہ بندی عبور کرنے کی متعدد کوششیں کی تھیں۔

امریکی مرکزی کمان (سینٹکام) کے ترجمان ٹم ہاکنز کے مطابق ٹینکر کے عملے کو کئی بار وارننگ دی گئی اور پیش قدمی روکنے کی ہدایت کی گئی، تاہم جہاز نے ان احکامات پر عمل نہیں کیا۔

ترجمان نے بتایا کہ صورتحال کے پیش نظر امریکی افواج نے جہاز کو مزید آگے بڑھنے سے روکنے کے لیے اس کے انجن روم کو نشانہ بنایا، جس کے بعد ٹینکر اپنی منزل کی جانب پیش رفت جاری نہ رکھ سکا۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے بعد جہاز ایران کی سمت نہیں بڑھ رہا۔ اس سے قبل بھی ایک امریکی عہدیدار نے بین الاقوامی خبر رساں ادارے سے گفتگو میں دعویٰ کیا تھا کہ ٹینکر ایرانی بندرگاہوں پر عائد پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آگے بڑھنے کی کوشش کر رہا تھا۔

دوسری جانب اس واقعے پر ایران یا ٹینکر کے آپریٹر کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ امریکی دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق بھی نہیں ہو سکی ہے۔