نیتن یاہو ایران ایٹمی پروگرام پر تازہ معلوما ت ٹرمپ کو پیش کریں گے،عرب میڈیاکا دعویٰ

اسرائیلی وزیراعظم ملاقات کے دوران لبنان اور شام سے اسرائیلی فوج کے ممکنہ انخلا سے متعلق امریکی مؤقف پر اپنے تحفظات بھی سامنے رکھیں گے

July 28, 2026 · بام دنیا

اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو ایک اہم دورے پر امریکا روانہ ہو گئے ہیں، جہاں ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات متوقع ہے۔ عرب میڈیا کا دعویٰ ہے کہ نیتن یاہو اس ملاقات میں ایران کے ایٹمی پروگرام سے متعلق تازہ انٹیلی جنس معلومات اور حساس رپورٹس امریکی صدر کے سامنے پیش کریں گے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ایران، مشرقِ وسطیٰ کی سیکیورٹی صورتحال اور خطے کی حالیہ پیش رفت پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال متوقع ہے۔

عرب خبر رساں اداروں ’العریبیہ‘ اور الحدث‘ نے اپنی رپورٹس میں دعویٰ کیا ہے کہ  نیتن یاہو اپنے دورے کے دوران ایران کے ایٹمی پروگرام سے متعلق تازہ انٹیلی جنس معلومات بھی امریکی صدر کے سامنے پیش کریں گے، جن میں مبینہ طور پر ایران کی جوہری صلاحیتوں سے متعلق تازہ ترین جائزہ شامل ہے۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم ملاقات کے دوران لبنان اور شام سے اسرائیلی فوج کے ممکنہ انخلا سے متعلق امریکی مؤقف پر اپنے تحفظات بھی سامنے رکھیں گے۔ اس کے علاوہ وہ امریکا سے ترکیہ کو جدید ایف-35 جنگی طیاروں کی فروخت پر نظرثانی کی درخواست بھی کریں گے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکیہ کو ایف-35 طیاروں کی فروخت سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ ترکیہ امریکا کا اہم اتحادی ہے اور یہ فیصلہ امریکا خود کرے گا کہ وہ کس ملک کو کیا فروخت کرے۔

واشنگٹن روانگی سے قبل جاری اپنے ویڈیو بیان میں نیتن یاہو نے کہا کہ موجودہ حالات میں دانشمندانہ فیصلے ناگزیر ہیں۔ ان کے بقول ایران سمیت تمام اہم معاملات پر بات چیت کی جائے گی، جبکہ اسرائیل کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے اور خطے میں امن کے دائرے کو وسعت دینا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔

یہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ منصب سنبھالنے کے بعد دونوں رہنماؤں کی آٹھویں ملاقات ہوگی، جبکہ ایران کے خلاف مشترکہ فضائی کارروائیوں کے آغاز کے بعد یہ ان کی پہلی براہ راست ملاقات بھی ہوگی۔

سیکیورٹی وجوہات کے باعث نیتن یاہو کے دورے کی تفصیلات خفیہ رکھی گئیں۔ اسرائیلی وزیراعظم کا طیارہ بن گوریان ایئرپورٹ کے بجائے نیواتیم ایئر بیس سے روانہ ہوا، جبکہ پرواز کے دوران صحافیوں کو بھی ساتھ جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔